بھٹکل 6؍جولائی (ایس او نیوز) ریاستی وزیر اعلیٰ کمارا سوامی نے جو بجٹ پیش کیا ہے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے بھٹکل ہوناور رکن اسمبلی سنیل نائک نے کہا کہ یہ صرف ایک سیاسی نوٹنکی والا بجٹ ہے اور اس کے ذریعے اگلے انتخابات میں جنتا دل (ایس ) کے لئے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کی کوشش ہے۔اور چونکہ یہ بڑے بھائی اور چھوٹے بھائی کی طرف سے پیش کیاگیا بجٹ ہے اس لئے اس سے عوام کو کوئی فائدہ پہنچنے والا نہیں ہے۔
سنیل نائک اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس بجٹ سے جنتادل کی طاقت دوگنی کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس بجٹ میں ریاست کے صرف چار اضلاع جیسے ہاسن، منڈیا، میسورواور رام نگر کو ہی سب سے زیادہ فائدہ پہنچانے کا کام کیا گیا ہے۔اس وجہ سے بقیہ تمام اضلاع کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو عام لوگ بھی محسوس کررہے ہیں۔موصوف نے کہا کہ گزشتہ پچھلے کچھ عرصے سے طلبہ مفت پاس کا مطالبہ کرتے آر ہے تھے مگر وزیرا علیٰ نے طالب علموں پر ذرا بھی رحم کا مظاہرہ نہیں کیا ہے اور انہیں مفت بس پاس کی رعایت سے محروم کرتے ہوئے ان کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔اس کے علاوہ یوتھ اینڈ اسپورٹس محکمے کے تعلق سے کسی بھی قسم کی تجویز سامنے نہ لانے والا یہ بجٹ نہ صرف نوجوان مخالف بلکہ عوام مخالف بجٹ ہے۔